نماز کیا ہے؟
جواب: ہر دن رات میں پانچ مرتبہ خدا کی عبادت کا وہ خاص طریقہ جسے مسلمان ادا کرتے ہیں نماز کہلاتا ہے۔ یہ طریقہ مسلمانوں کو خدا اور رسول نے قرآن و حدیث میں سکھا یا ہے۔
نماز کس پر فرض ہے؟
جواب: ہر سمجھ بوجھ والے بالغ مرد اور عورت پر نماز فرض ہے۔ اور جو اسے فرض نہ جانے کافر ہے۔
کیا بچوں پر بھی نماز فرض ہے؟
جواب: نابالغ لڑکے اور لڑکی پر اگرچہ نماز پڑھنا فرض نہیں ۔ مگر بچہ کی جب سات برس کی عمر ہو تو اسے نماز پڑھنا سکھایا جائے۔ اور جب دس برس کا ہوجائے تو مار کر پڑھوانی چاہیے۔
نماز کی کچھ فضیلتیں بیان کرو ؟
جواب: اللہ تعالیٰ کے محبوب ﷺ نے فرمایا کہ مسلمان بندہ جب اللہ تعالیٰ کے لیے نماز پڑھتا ہے تو اس سے گناہ ایسے گرتے ہیں جیسے پت جھڑ کے موسم میں درخت کے پتے ، اور بندہ جب نماز کے لیے کھڑا ہوتا ہے ، اس کے لیے جنتوں کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں۔ نماز جنت کی کنجی ہے۔ نماز دین کا ستون ہے جس نے اسے قائم رکھا اس نے دین کو قائم رکھا اور جس نے اسے چھوڑ دیا۔ اس نے دین کو ڈھا دیا، اور قرآن شریف میں ہے کہ نماز آدمی کو بری باتوں اور بے حیائی کے کاموں سے روکتی ہے، غرض نمازی آدمی اللہ تعالیٰ اور رسول ﷺ کا پیارا ہوتا ہے۔ اس کے رزق میں، کاروبار میں، عمر اور ایمان میں نماز کے باعث ترقی ہوتی ہے۔
جو شخص نماز نہ پڑھے وہ کیسا ہے؟
جواب: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جس نے نماز جان بوجھ کر چھوڑی اس کا نام دوزخ کے دروازے پر لکھ دیا جاتا ہے۔ خدا اور رسول اس سے بیزار ہیں اور جو شخص نماز کا پابند نہیں ہو قیامت کے دن فرعون کے ساتھ ہوگا۔
اس زمانہ میں بے نمازی کو کیا سزا دی جائے؟
جواب: بے نمازی کے ساتھ کھانا پینا، بات چیت ، میل جول، سلام وغیرہ چھوڑ دیں، کیا عجب کہ وہ اس ڈر سے نماز کا پابند ہو جائے۔
آدمی کس عمر میں بالغ ہو جاتا ہے؟
جواب: لڑکا ہو یا لڑکی دونوں پورے پندرہ برس کی عمر ہو جانے پر اسلام کے قانون میں بالغ مان لیے جاتے ہیں اور نماز روزہ وغیرہ ان پر فرض ہو جاتا ہے۔ شریعت کے احکام ان پر جاری ہو جاتے ہیں۔