Skip to content

سبق ۱۱ — غُسل کے بقیہ مسائل

جنب اور جنابت کسے کہتے ہیں؟

جواب: جس شخص پر نہانا فرض ہو اسے جنب کہتے ہیں اور جن اسباب کی وجہ سے نہانا فرض ہوتا ہے انھیں جنابت کہتے ہیں۔

جنب اگر نہانے میں دیر لگائے تو گناہ گار ہے یا نہیں؟

جواب: جس پر غسل فرض ہے اسے چاہیے کہ نہانے میں تاخیر نہ کرے۔ حدیث میں ہے جس گھر میں جنب ہو اس میں رحمت کے فرشتے نہیں آتے، اور اگر اتنی دیر کر چکا کہ نماز کا آخر وقت آگیا تو اب فوراً نہانا فرض ہے ۔ اب تاخیر کرے گا تو گناہگار ہوگا۔

جس پر کئی غسل فرض ہوں ، اس کے لیے کیا حکم ہے؟

جواب: جس پر چند غسل فرض ہوں سب کی نیت سے ایک غسل کر لے سب ادا ہو جائیں گے اور سب کا ثواب ملے گا۔

غسل کتنی طرح کا ہوتا ہے؟

جواب: غسل تین طرح کا ہوتا ہے ۔ ایک فرض دوسرا سنت، تیسرا مستحب۔

غسل کن چیزوں سے فرض ہوتا ہے؟

جواب: غسل فرض کرنے والی چیزیں کئی ہیں جن کا حال تمھیں دوسری کتابوں سے معلوم ہوگا۔

مسلمان میت کو غسل دینا فرض ہے یا سنت؟

جواب: مسلمان میت کو غسل دینامسلمانوں پر فرض کفایہ ہے۔ اگر ایک نے نہلادیا۔ تو سب کے سر سے اتر گیا اور اگر کسی نے نہ نہلایا تو سب گنہگار ہوئے۔

کون کون سے غسل سنت ہیں؟

جواب: غسل سنت پانچ ہیں۔ جمعہ کی نماز کے لیے، عیدین، (عید الفطر اور عید الضحیٰ) کی نماز کے لیے ، حج یا عمرہ کے لیے۔

غسل مستحب کتنے ہیں اور کون کون سے ؟

جواب: غسل مستحب بہت ہیں جن میں سے چند غسل یہ ہیں: ۱۔ شعبان کی پندرھویںرات کو جسے شب برات کہتے ہیں۔ ۲۔ عرفہ کی رات میں یعنی آٹھویں ذی الحجہ کا دن گزر کر جو رات آتی ہے۔ ۳۔ سورج یا چاند گرہن کی نماز کے لیے۔ ۴۔ مجلس میلاد شریف اور ایسی ہی دوسری مجالس خیر میں شرکت کے لیے۔ ۵۔ گناہ سے توبہ کرنے کے لیے۔ ۶۔ نیا کپڑا پہننے کے لیے۔ ۷۔ مکہ معظمہ یا مدینہ منورہ میں داخل ہونے کے لیے۔ ۸۔ خوب تاریکی یا سخت آندھی کے لیے۔ ۹۔ سفر سے واپس آنے کے بعد۔ ۱۰۔ جب بدن پر نجاست لگی ہو اور یہ معلوم نہ ہو کہ کس جگہ ہے۔ ان سب کے لیے غسل مستحب ہے۔

جس پر غسل فرض ہے اس پر کیا کیا چیزیں حرام ہیں؟

جواب: جس کو نہانے کی ضرورت ہو ا اس کو مسجد میں جانا، قرآن مجید چھونا، یا بے چھوئے دیکھ کر زبانی پڑھنایا کسی آیت یا آیت کا تعویز لکھنا یا ایسا تعویز چھونا جس میں آیت لکھی ہے حرام ہے۔ ہاں اگر قرآن عظیم جزودوان میں ہو تو جزو دان پر ہاتھ لگانے یا رومال وغیر ہ کسی علیحدہ کپڑے سے پکڑنے میں حرج نہیں۔

بے وضو آدمی قرآن مجید چھو سکتا ہے یا نہیں؟

جواب: بے وضو کو قرآن مجید یا اس کی کسی آیت کو چھونا حرام ہے۔ ہاں بے چھوئے زبانی دیکھ کر پڑھے تو کوئی حرج نہیں اور روپیہ یا برتن یا گلاس پر آیت یا سورت لکھی ہو تو اس کا چھونا بھی بے وضو اور جنب کو حرام ہے۔

بے وضو اور جنب درود شریف اور دعا پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟

جواب: جس پر وضو یا غسل فرض ہے درود شریف اور دعائوں کے پڑھنے میں انھیں حرج نہیں مگر بہتر یہ ہے کہ وضو یا کلی کرے پڑھیں۔