پیارے نبی ﷺ کی پیاری باتیں
رسول مقبول ﷺ فرماتے ہیں:
۱۔ داہنے ہاتھ سے کھائو داہنے ہاتھ سے پیو اور داہنے ہاتھ سے لو اور داہنے ہاتھ سے دو کیونکہ شیطان بائیں ہاتھ سے کھاتا پیتا اور لیتا دیتا ہے۔ ۲۔ تین انگلیوں سے کھائو کیونکہ یہ سنت ہے اور پانچوں انگلیوں سے نہ کھائو کہ یہ اعراب (گنواروں) کا طریقہ ہے۔ ۳۔ کھانے کو ٹھنڈا کر لیا کرو کہ گرم کھانے میں برکت نہیں ہے۔ ۴۔ کھانے سے پہلے اور بعد میں ہاتھ منہ دھنا محتاجی کو دور کرتا ہے۔ ۵۔ پانی کو چوس کر پیو (غٹ غٹ بڑے بڑے گھونٹ نہ پیو) یہ خوشگوار اور زرد ہضم ہے (جلد ہضم ہونے والا) اور بیماری سے بچاتا ہے۔ ۶۔ ٹخنوں سے نیچے تہ بند (وغیرہ) کا جو حصہ ہے وہ آگ میں ہے۔ ۷۔ سونا اور ریشم میری امت کی عورتوں کے لیے حلال ہے اور مردوں پر حرام۔ ۸۔ جس مرد پر لعنت جو عورت کا لباس پہنے اور اس عورت پر لعنت جو مرد والے کپڑے پہنے۔ ۹۔ جس کو پہچانتے ہو یا نہیں پہچانتے ہو سب کو سلام کرو۔ ۱۰۔ جب وہ مسلمان مصافحہ کریں اور اللہ تعالیٰ کی حمد کریں اور استغفار کریں تو دونوں کی بخشش ہو جائے گی۔ ۱۱۔ جمائی شیطان کی طرف سے ہے تو جب کسی کو جمائی آئے تو جہاں تک ہو سکے اسے دفع کرے جب کوئی جمائی لیتا ہے تو شیطان ہنستا ہے۔ ۱۲۔ جب کسی کو چھینک آئے تو الحمد کہے اور اس کا بھائی یا ساتھ والا یرحمک اللہ کہے پھر چھینکنے والا اس کے جواب میں کہے: یحدیکم اللہ و یصلح بالکم (اللہ تعالیٰ تمھیں ہدایت دے اور تمہارے کام بنائے) ۱۳۔ جھوٹ سے منہ کالا ہوتا ہے اور چغلی سے قبر کا عذاب ہوتا ہے۔ ۱۴۔ آدمی کے اسلام کی اچھائی میں سے یہ ہے کہ جو چیز کار آمد نہ ہو اس میں نہ پڑے۔ ۱۵۔ اچھی بات کہنا خاموشی سے بہتر ہے اور بری بات بولنے سے چب رہنا بہتر۔ ۱۶۔ حسد ایمان کو ایسا بگاڑتا ہے جس طرح ایلوا شہد کو بگاڑتا ہے۔ ۱۷۔ مومن کے لیے یہ حلال نہیں کہ مومن کو تین دن سے زیادہ چھوڑ دے۔ ۱۸۔ پروردگار کی خوشی باپ کی خوشی میں ہے اور اس کی ناخوشی باپ کی ناخوشی ہیں۔ ۱۹۔ ماں باپ کی نافرمانی کرنے والا جنت میں نہیں جائے گا۔ ۲۰۔ جہاں کہیں رہو خدا سے ڈرتے رہو اور برائی ہو جائے تو اس کے بعد نیکی کرو یہ نیکی اسے مٹا دے گی اور لوگوں سے اچھا اخلاق کے ساتھ پیش آئو۔ ۲۱۔ ایمان میں زیادہ کامل وہ ہیں جن کے اخلاق اچھے ہیں۔
اچھی اچھی دعائیں
جب پاخانہ پیشاب کو جائے تو مستحب ہے کہ پاخانہ سے باہر یہ دعا پڑھے:
اللھم انی اعوذبک من الخبث والخبآئث
(الٰہی میں تیری پناہ مانگتا ہوں پلیدی اور شیطانوں سے) پھر بایاں قدم پہلے داخل کرے۔
اور نکلتے وقت پہلے داہنا پائوں باہر نکالے اور نکل کر یہ دعا پڑھے:
الحمد للہ الذی اذھب عنی الاذٰی وعافانی
حمد ہے اللہ کے لیے جس نے اذیت و تکلیف کی چیز مجھ سے دور کی اور مجھے عافیت دی۔
اور طہارت خانہ میں یہ دعا پڑھ کر جائے:
بسم اللہ العظیم وبحمدہٖ علٰی دین الاسلام اللھم اجعلنی من التوابین واجعلنی من المتطھرین الذین لاخوف علیھم ولا ھم یحزنون
اللہ تعالیٰ کے نام سے جو بہت بڑا ہے اور اسی کی حمد ہے۔ خدا کا شکر ہے کہ میں دین اسلام پر ہوں اے اللہ! تو مجھے توبہ کرنے والوں اور پاک لوگوں میں سے کر دے جنہیں نہ کوئی خوف اب ہے اور وہ غم کریں گے۔
طہارت خانہ سے باہر آکر یہ دعا پڑھے:
الحمد اللہ الذی جعل المآء طھورا والا سلام نورا وقآئدا و دلیلا الی اللہ والٰی جنات النعیم اللٰھم حصن فرجی وطھر قلبی ومحص ذنوبی
حمد ہے اللہ کے لیے جس نے پانی کو پاک کرنے والا بنایا اور اسلام کو نور اور خدا تک پہچانے والا اور جنت کا راستہ بتانے والا کیا۔الٰہی تو میری شرمگاہ کو محفوظ رکھ اور میرے دل کو پاک کر اور میرے گناہ دور کرنا۔
واٰخردعوانا ان الحمد للہ رب العٰلمین وصلی اللہ تعالیٰ علٰی خیر خلقہ ونور عرشہ سیدنا ومولانا محمد واٰلہ واصحابہ اجمعین برحمتک یا ارحم الراحمین
العبد محمد خلیل خان القادری البرکاتی المارہری عفی عنہ