Skip to content

سبق ۰۳ — فرشتے

وملٓئکتہ اور میں ایمان لایا اللہ کے فرشتوں پر

ملائکہ و (فرشتے ) کون ہیں؟

جواب: فرشتے اللہ تعالیٰ کے ایمان دار، عبادت گزار اور مکرم و (عزت والے )بندے ہیں۔ جن کے جسم نورانی ہیں ۔ یعنی وہ نور سے پیدا کئے گئے ہیں، معصوم ہیں اور خدا کے فرمانبردار ، خدا کی نافرمانی اور گناہ نہیں کرتے، وہی کرتے ہیں جو انہیں حکم دیا جاتا ہے، نہ کھاتے ہیں نہ پیتے ہیں۔ خدا کی عبادت و بندگی ان کی غذا ہے۔ ہر وقت ذکرالٰہی میں مصروف رہتے ہیں۔

فرشتوں کو معصوم کیوں کہا جاتا ہے؟

جواب: اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے ان میں گناہ اور برائی کرنے کی قوت ہی نہیں رکھی ، ان سے خدا کی نافرمانی ممکن ہی نہیں اور اسی لیے نبیوں کو بھی معصوم کہتے ہیں۔

فرشتوں کی تعداد (گنتی) کل کتنی ہے؟

جواب: فرشتے بے شمار ہیں ، ان کی تعداد وہی جانے جس نے انھیں پید ا کیا یا اس کے بتائے سے اس کا پیارا رسول ﷺ ،ان کی پیدائش روزانہ جاری ہے، ہر روز بے شمار پیدا ہوتے ہیں۔ اولیاء اللہ فرماتے ہیں کہ نیک کلام، اچھا کام فرشتہ بن کر آسمان کو بلند ہوتا ہے ۔

مشہور فرشتے کتنے ہیں؟

جواب: چار فرشتے بہت مشہور ہیں اور بہت عظمت رکھتے ہیں: ۱۔ حضرت جبرائیل علیہ السلام ، ان کے ذمہ پیغمبروں کی خدمت میں وحی لاناہے۔ ۲۔ حضرت میکائل علیہ السلام ، پانی برسانے اور خدا کی مخلوق کو روزی پہنچانے پر مقرر ہیں۔ ۳۔ حضرت اسرافیل علیہ السلام ، جو قیامت کو صور پھونکیں گے۔ ۴۔ حضرت عزرائیل علیہ السلام جنھیں روح قبض کرنے یعنی لوگوں کی جان نکالنے کی خدمت سپرد کی گئی ہے، بے شمار فرشتے ان کی ماتحتی میں کام کرتے ہیں۔

اور فرشتے کن کاموں پر مقر ر ہیں؟

جواب: ان کی مختلف خدمتیں سپرد ہیں اور جداگانہ کاموں پر مقرر ہیں۔ بعضے جنت پر، بعضے دوزخ پر، کسی کے ذمہ آدمیوں کے نامۂ اعمال لکھنا ہے تو کسی کے ذمہّ ماں کے پیٹ میں بچہ کی صورت بنانا، بعضوں کے متعلق قبر میں مردوں سے سوال کرنا ہے تو بعضوں کے متعلق عذاب کرنا، کوئی دربار رسول ﷺ میں حاضری پر مقرر ہے اور کوئی مسلمانوں کے درود سلام حضور ﷺ کی بارگاہ میں پہنچاتا ہے اور کوئی میلاد شریف وغیرہ ذکر خیر کی مجلسوں میں حاضری دیتا ہے۔

نامۂ اعمال لکھنے والے فرشتوں کا کیا نام ہے؟

جواب: انھیں کراماً کا تبین کہتے ہیں۔ نیکی اور بدی کے لکھنے والے علٰیحدہ علٰیحدہ ہیں۔ دن کے اور ہیں رات کے اور۔

قبر میں سوال کرنے والے فرشتے کون سے ہیں؟

جواب: یہ دو فرشتے ہیں۔ ان میں ایک کو منکر اور دوسرے کو نکیر کہتے ہیں۔ ان کی شکلیں بڑی ہیبت ناک ّڈرائونی)ہوتی ہیں۔

کیا فرشتے کسی کو نظر بھی آتے ہیں؟

جواب: ہمیں تو نظر نہیں آتے مگر جنہیں اللہ تعالیٰ چاہتا ہے وہ فرشتوں کو دیکھتے ہیں ۔ جیسے انبیاء اللہ (خدا کے پیغمبر) انھیں دیکھتے اور ان سے کلام کرتے ہیں ۔ ہاں موت کے وقت مسلمان رحمت کے فرشتے اور کافر عذاب کے فرشتے دیکھ لیتا ہے۔

جو شخص فرشتوں کو نہ مانے وہ کون ہے؟

جواب: فرشتوں کے وجود کا انکار یا یہ کہنا کہ فرشتہ نیکی کی قوت کو کہتے ہیں اور اس کے سوا کچھ نہیں، یہ دونوں باتیں کفر ہیں، اور ایسا عقدہ رکھنے والا کافر۔