وضو کسے کہتے ہیں؟
جواب: نماز یا اس جیسی کوئی عبادت ادا کرنے کے لیے چہرہ، پیشانی سے ٹھوڑی سمیت طول میں اور ایک کان کی لو سے دوسرے کان کی لو تک دھونے اور دونوں ہاتھ کہنیوں تک اور دونوں پائوں ٹخنوں تک دھونے اور سر پر مسح کرنے کو وضو کہتے ہیں، بے وضو نماز ہوتی ہی نہیں۔
وضو کرنے کا طریقہ کیا ہے؟
جواب: وضو کرنے کے لیے پاک صاف انچی جگہ قبلہ کی طرف منہ کرکے بیٹھو اور ثواب پانے کے لیے خدا کا حکم بجالانے کی نیت سے بسم اللہ پڑھ کر وضو شروع کر و پہلے دونوں ہاتھوں کو گٹوں تک تین تین بار دھوئو پھر مسواک کرو۔ مسواک نہ ہو تو انگلی سے دانت مانجھ لو پھر تین مرتبہ چلو میں پانی لے کر تین بار کلیاں کرو کہ ہر بار منہ کے اندر ہر پرزے پر پانی بہہ جائے اور روزہ دار نہ ہو تو غرغرہ کر لو پھر تین چلو سے تین بار ناک میں پانی چڑھائو کہ جہاں تک نرم حصہ ہوتا ہے۔ ہر بار اس پر پانی بہہ جائے۔ دونوں کام داہنے ہاتھ سے کرو اور بائیں ہاتھ سے ناک صاف کرو، پھر تین مرتبہ منہ دھو ئو، منہ دھونے میں ماتھے کے سرے پر ایسا پھیلا کر پانی ڈالو کہ اوپر کا بھی کچھ حصہ دھل جائے۔ یا درکھو کہ ناک یا آنکھ یا بھوئوں پر پانی کا چلو ڈال کر سارے منہ پر ہاتھ پھیر لینے سے منہ نہیں دھلتا اور وضو نہیں ہوتا۔ پیشانی کے بالوں سے ٹھوڑی کے نیچے تک اور ایک کان کی لو سے دوسرے کان کی لو تک دھونا چاہیے۔ پھر کہنیوں سمیت دونوں ہاتھ اس طرح دھوئو کہ کہنیوں سے ناخنوں تک کوئی جگہ ذرہ بھر بھی دھلنے سے نہ رہ جائے۔ ورنہ وضو نہیں ہوگا۔ پہلے داہنا ہاتھ تین بار اور پھر بایاں ہاتھ تین بار دھونا چاہیے۔ پھر ہاتھ پانی سے تر کرکے پہلے سر کا پھر کانوں کا پھر گردن کا مسح کرو۔ مسح صرف ایک ایک مرتبہ کرنا چاہیے، پھر دونوں پائوں پہلے داہنا پھر بایاں ، ٹخنوں سمیت تین تین بار دھو لو۔
سر کا مسح کس طرح کرنا چاہیے؟
جواب: انگوٹھے اور کلمہ کی انگلی کے سوا دونوں ہاتھوں کی آخری تین تین انگلیاں ملا لو اور پیشانی کے اوپر سے بیچ کے حصہ میں گدی تک اس طرح لے جائو کہ ہتھیلیاں سرسے دور رہیں۔ پھر دونوں ہتھیلیوں کو گدی سے پیشانی کی طرف ملتے ہوئے واپس لائو۔ یہ سر کا مسح ہوا، پھر کلمہ کی انگلی کا پیٹ کان کے اندر پھیرو اور انگوٹھے کے پیٹ کانوں کے پیچھے پھیرو، یہ کانوں کا مسح ہوا، پھر دونوں ہاتھوں کی پیٹھ گردن پر پھیر لو، یہ گردن کا مسح ہوگیا، اور گلے کا مسح کرنا بدعت یعنی بری بات ہے۔
وضو کے بعد کیا پڑھا جاتا ہے؟
جواب: وضو سے فارغ ہو کر یہ دعا پڑھو: اللھم اجعلنی من التوابین و اجعلنی من المتطھرین (الٰہی تو مجھے توبہ کرنے والوں اور پاک لوگوں میں کردے اور بچا ہوا پانی کھڑے ہو کر تھوڑا پی لو اور آسمان کی طرف نظر اٹھا کر کلمہ شہادت اور سورۃ ''انا انزلنا'' پوری پڑھ لو بڑا ثواب پائو گے۔