غسل میں فرض کتنے ہیں؟
جواب: غسل میں تین فرض ہیں اگر ان میں سے ایک میں بھی کمی ہوئی تو غسل نہ ہوگا (۱) منہ بھر کلی کرنا کہ ہونٹ سے حلق کی جڑ تک داڑھوںکے پیچھے گالوں کی تہ میں اوردانتوں کی جڑ اور کھڑکیوں میں ہر جگہ پانی بہہ جائے۔ (۲) ناک میں پانی چڑھاناتاکہ دونوں نتھنوں کا جہاں تک نرم حصہ ہے دھل جائے۔ بال برابر جگہ بھی دھلنے سے نہ رہے۔ (۳) تمام ظاہر بدن یعنی سر کے بالوں سے پائوں کے تلووں تک جسم کے ہر پرزے پر رونگٹے پر پانی بہانا۔
غسل کا سنت طریقہ کیا ہے؟
جواب: غسل کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ پہلے دونوں ہاتھ گٹوں تک تین مرتبہ دھوئے پھر استنجے کی جگہ دھوئے خواہ نجاست ہو یا نہ ہو۔ پھر بدن پر جہاں کہیں نجاست ہو اس کو دور کرے پھر نماز کا سا وضو کرے مگر پائوں نہ دھوئے۔ ہاں اگر چوکی وغیرہ پر پاپکیّ فرش پر نہائے تو پائوں بھی دھولے۔ پھر بدن پر تیل کی طرح پانی چپڑے خصوصاً جاڑے ہیں۔ پھر تین مرتبہ داہنے مونڈھے پر پانی بہانے پھر بائیں مونڈھے پر تین مرتبہ ، پھر سر اور تمام بدن پر تین بار، پھر جائے غسل سے الگ ہو جائے اور وضو کرنے میں پائوں نہیں دھوئے تھے تو اب دھولے اور نہانے میں قبلہ رخ نہ ہو ۔ تمام بدن پر ہاتھ پھیرے اور ملے اور ایسی جگہ نہائے کہ کوئی نہ دیکھے اور اگر ہو سکے تو ناف سے گھٹنے تک بدن چھپانا ضروری ہے۔ کسی قسم کا کلام نہ کرے نہ کوئی دعا پڑھے۔ عورتوں کو بیٹھ کر نہانا بہتر ہے نہانے کے فوراً بعد کپڑے پہن لے۔
کیا وضو و غسل کے لیے پانی کی کوئی مقدار مقرر ہے؟
جواب: سب کے لیے غسل یا وضو میں پانی کی ایک مقدار مقرر نہیں جیسا کہ مشہور ہے بالکل غلط ہے ایک لمبا چوڑا دوسرا دبلا پتلا، ایک کے بدن یا سر پر بڑے بڑے بال دوسرے کا بدن بالکل صاف او ر سر منڈا ہو ا تو سب کے لیے ایک مقدار کیوں کر ممکن ہے؟
جس کو نہانے کی ضرورت ہو اسے کیا کہتے ہیں؟
جواب: جس پر نہانا فرض ہو اسے جنب کہتے ہیں اور جس سبب سے نہانا فرض ہو اسے جنابت کہا جاتا ہے۔
دریا تالاب میں نہانے کا مسنون طریقہ کیا ہے؟
جواب: اگر بہتے پانی مثلاً دریا یا نہر میں نہانا ہے تو تھوڑی دیر اس میں رکنے سے غسل کی سب سنتیں ادا ہو گئیں اور مینھ میں کھڑا ہو گیا تو یہ بہتے پانی کے حکم میں ہے اور تالاب حوض و غیرہ ٹھہرے ہوئے پانی میں نہاتا ہے تو بدن کو تین بار حرکت دینے یا جگہ بدلنے سے تین بار دھونے کی سنت ادا ہو جائے گی۔ یہی حال وضو کا ہے یعنی بہتے پانی میں تھوڑی دیر اس عضو کو رہنے دے اور ٹھہرے ہوئے پانی میںتین بار حرکت دیے ا جگہ بدل دے۔