امنت باللہ
میں اللہ پر ایمان لایا
اللہ تعالیٰ کے ساتھ مسلمانوں کا کیا عقیدہ ہونا چاہیے؟
جواب:
1- اللہ ایک ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، وہی اس کا مستحق ہے کہ اس کی عبادت و پرستش کی جائے ۔ نہ وہ کسی کا باپ ہے نہ بیٹا، نہ اس کی بی بی، نہ اس کے کوئی اولاد نہ اس کا کوئی ہمسرو برابر۔
2- اللہ تعالیٰ کی ذات تمام کمالات اور خوبیوں والی ہے۔ وہ ہر قسم کے عیب و نقص اور کمزوری سے بری اور پاک ہے ۔ وہ ہر ایسی صفت سے پاک ہے جس سے عیب یا نقص یا کسی دوسری چیز کی طرف احتیاج (حاجت ) لازم آئے۔
3- وہ بے پروا ہے کسی کا محتاج نہیں اور تمام جہان اس کا محتاج ہے۔
4- وہی ہر چیز کا خالق (پیدا کرنے والا) ہے اور جو کچھ ہم کرتے ہیں اسی نے پیدا کیا۔ سوائے اللہ کے اور کوئی کسی چیز کا خالق نہیں، وہ اکیلا تمام جہان کا پیدا کرنے والا ہے، ہر چھوٹی بڑی چیز اسی کی مخلوق، اسی کی پیدا کی ہوئی ہے، جس چیز کو پیدا کرنا چاہتا ہے۔ کن کہہ کر پیدا کر دتیا ہے۔
5- وہی رزاق ہے، چھوٹی سے چھوٹی اور بڑی سے بڑی مخلوق کو رزق پہنچاتا ہے اور روزی دتیا ہے، وہی ہر چیز کی پرورش کرتا ہے، وہی ربّ العالمین ہے۔
6- وہ کلام بھی کرتا ہے، تمام آسمانی کتابیں اور قرآن کریم سب اللہ تعالیٰ کا کلام ہے。
اللہ تعالیٰ کس چیز سے دیکھتا اور سنتا ہے؟
جواب: اللہ تعالیٰ کی صفتیں بھی اس کی شان کے مطابق ہیں۔ بے شک وہ سنتا ہے دیکھتا ہے، کلام کرتا ہے مگر ہماری طرح دیکھنے کے لیے آنکھ کا، سننے کے لیے کان کا اور کلام کرنے کے لیے زبان کا محتاج نہیں۔ وہ بے کان کے سنتا ہے، اور اس کے سننے کے لیے ہوا کے واسطے کی بھی ضرورت نہیں۔ بے آنکھ کے دیکھتا ہے اور دیکھنے کے لیے روشنی کا بھی محتاج نہیں، بے زبان کے بولتا ہے اور اس کا کلام آواز الفاظ سے بھی پاک ہے۔